شہداء کی یاد منانا اور ان کے مقصد کو زندہ رکھنا عظیم عبادت ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہداء کی یاد منانا اور ان کے مقصد اور مکتب کو زندہ رکھنا عظیم عبادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے وارثانِ شہداء کے بچوں اور بچیوں میں عید گفٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ شب عاشور جیکب آباد کے وارثان شہداء اور سانحے کے زخمیوں کے اعزاز میں مدرسہ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں وارثانِ شہداء کے بچوں اور بچیوں میں عید گفٹ تقسیم کئے گئے اور شہدائے راہ حق کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں مولانا جواد نقوی کے پیروکار اسرائیل کی خدمت کرنے لگے
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ شہداء نے دین خدا کی سربلندی اور حسینیت کی راہ میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ آج پوری قوم انہیں سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ وارثانِ شہداء کو چاہیے کہ وہ اپنے شہداء کے مشن اور مقصد کو زندہ رکھیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ ہم عید کی خوشیاں وارثانِ شہداء اور غازیوں کے ساتھ مناکر ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہداء ہمارے محسن ہیں۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی نہیں بھلاتیں۔
وارثانِ شہداء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے مجلس علمائے شیعہ ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ سیف علی ڈومکی، لیاقت علی ٹالانی اور مولانا حیدر علی نے خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کے لئے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔