پاکستان میں بسنے والے شیعہ قائد اعظم ؒکے حقیقی پیروکار اور باوفا بیٹے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بانی پاکستان قائداعظمؒ محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لیے قائد کے اصولوں پر عمل کرنا ہو گا۔ وطن عزیز آج جن نامساعد حالات کا شکار ہے اس کی واحد وجہ ان نظریات سے دوری ہے جو تحریک پاکستان کی بنیاد بنے۔جن کو عملی شکل دینے کے لیے دنیا کے ایک عظیم مسلم رہنما نے انتھک جدوجہد کی۔
قائداعظمؒ کا پاکستان ایک ایسے خطے کا نام تھا جس پر بسنے والا ہر شخص امن و سلامتی اور اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ پرامن زندگی بسر کر سکیں۔ جن قوتوں نے اس ملک میں تکفیریت، نفاق اور شدت پسندی کا بیج بو کر آگ اور بارود کا کھیل شروع کیا انہوں نے قائد اعظم کے نظریات سے غداری کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں قائد اعظم کے افکار و تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اپنا مستقبل محفوظ بناسکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی جدوجہد ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کے حصول کے لیےتھی جہاں تمام طبقات بلاتخصیص مذہب و مسلک اپنی مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔جو عناصر اسلام کے نام پر پاکستان کو ایک تکفیری ریاست بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ قائد اعظم کے نظریات، زمینی حقائق اور بین الاقوامی تعلقات کے تقاضوں سے لاعلم ہیں۔ پاکستان کے باشعور عوام ایسے لغو نظریات کی ہمیشہ مخالفت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارض پاک پر بسنے والے تشیع قائد کے حقیقی پیروکار اور باوفا بیٹے ہیں جنہوں نے ہمیشہ وحدت و اخوت کا پرچار کیا۔ہم اتحاد و اخوت کے اس پرچم کو کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیں گے اور قائد اعظم کے فرمودات کو مشعل راہ سمجھتے ہوئے پوری ذمہ داری کے ساتھ عملی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔