
انسانی جانوں کے تحفظ کی خاطر مذہبی و عوامی اجتماعات سے گریز کیا جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صدر جعفریہ الائنس علامہ رضی جعفر نقوی نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری اپنے بیان میںکہا ہے کہ یہ وقت اللہ تعالیٰ سے اپنے رابطے کو مضبوط کرنے دعا و استغفار اور اپنی کوتاہیوں سے توبہ کرنے کا ہے، کرونا وائرس ایک عالمی وبا ہے اور بہت بڑی مصیبت ہے، ساری دنیا اس وبا سے اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے اور بالخصوص مسلمانوں کیلئے یہ وقت ایک آزمائش ہے۔
علامہ سید رضی جعفر نقوی کا کہنا تھاکہ اس موقع پر کوئی بھی ایسی بات جو انتشار، تفرقہ بازی یا نفرت کا سبب بنے، اُس سے بچا جائے، بحیثیت قوم ہم اس وقت ایک ایسے بحران کا شکار ہیں، جس نے نہ صرف پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو اس وبا سے جلد نجات دے۔
علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ اس وقت قوم کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے، جس کی وجہ سے ہم اس وبا کا مقابلہ کرسکتے ہیں، ہماری قوم کو بھی چاہیئے کہ حکومت اور ریاست کی جانب سے کرونا وائرس سے بچانے کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں، اس میں عوام بھرپور تعاون کو یقینی بنائے اور مذہبی و عوامی اجتماعات سے گریز کریں، تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ ہم کرونا وائرس کے خلاف پہلی صف میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، نرسوں اور دیگر طبی عملے کے علاوہ پاک فوج، رینجرز، سندھ پولیس و دیگر فلاحی اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان تمام اداروں و افراد کی کوشش کسی طور بھی فرشتوں سے کم نہیں ہے۔
علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن مساجد و امام بارگاہوں میں اجتماعی عبادات، محفل میلاد گذشتہ دنوں منعقد ہوئیں، ریاست کی جانب سے اُن پر ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، اُن کو ختم کیا جائے اور اُن مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ بیٹھ کر مسئلے کو حل کیا جائے، کیونکہ یہ ناسمجھی کی وجہ سے غلطی ہوئی ہے، لہٰذا ریاست تعاون کرے اور فی الفور ایف آئی آر واپس لے۔
علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ کراچی بھر میں تمام ڈسٹرکٹ میں جعفریہ الائنس کے تمام ذمہ داران اور ممبران اپنے اپنے حلقوں میں سماجی و فلاحی خدمات میں بلاتفریق مصروف ہیں، جن کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔