
بہت کم لوگ امربالمعروف اور نہی عن المنکر کی طرف توجہ کرتے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی جامعتہ المنتظر لاہور میں خطبہ جمعہ میں کہا ہے کہ قرآن کا نازل کرنا حق اور نبی کا لیکر آنا حق ہے۔ پیغمبر اکرم کو اللہ نے خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا۔ قرآن سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے نازل ہوا، تاکہ انسان آداب زندگی سیکھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن کو سمجھنا چاہئے، ہم کتنے بدنصیب ہیں کہ قرآن پر عمل نہیں کرتے، قرآن کو مردوں کے ایصال ثواب اور دلہن کو برکت کے حصول کیانہ خاطر نیچے سے گزارنے کیلئے نازل نہیں ہوا، قرآن کے حقیقی عالم وہ ہیں کہ جب قرآن کی تلاوت کی جاتی ہے تو سجدہ میں گر جاتے ہیں۔ اللہ کے سارے نام اچھے ہیں ننانوے نام معروف ہیں، انہی میں اسم اعظم ہے اگر روزانہ پڑھیں گے تو آپ کی حاجات پوری ہوں گی۔
پشاور اور شکارپور امام بارگاہ بم حملے میں ملوث لشکرجھنگوی کا دہشتگرد واصل جہنم یہ خبر بھی پڑھیں
انہوں نے کہا بعض اوقات فقہی مسائل کا خیال نہیں کیا جاتا اور اگر کوئی عالم دین صحیح طریقہ بتائے، درست بات کرے تو اس کی بات نہیں مانی جاتی اور لوگ کہتے ہیں کہ پہلے تو یہ بات نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس میں بھی یہ خرابی پیدا ہوگئی ہے بہت کم لوگ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی طرف توجہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ فرماتا ہے جو شخص ہدایت یافتہ ہو تو اس کا فائدہ اسی کو ہے، جو لوگ ہدایت پر عمل نہیں کرتے قیامت کے دن اندھے محشور ہوںگے، وہ کہیں گے کہ ہم دنیا میں تو اندھے نہ تھے اللہ فرمائے گا تم دنیا میں گمراہ تھے اس لیے آخرت میں اندھے ہو، یہ سزا اس لیے کہ یہ لوگ اللہ کی آیات کا انکار کیا کرتے تھے یہ کہتے ہیں کہ جب ہڈیاں بن جائیں گی کیا پھر اٹھائیں جائیں گے۔ اللہ فرماتا ہے جس نے زمین و آسمان کو پیدا کیا وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ آپ جیسے عام انسان جس کو معمولی قطرہ آب سے پیدا کیا تھا اب دوبارہ زندہ کر دے۔ سورہ بنی اسرائیل میں ہے ”کہ جب پیغمبر تبلیغ کرتے تو یہ لوگ شور کیا کرتے تھے۔ اللہ نے فرمایا اگر میں زمین و آسمان کے خزانے تمہیں دے دوں پھر بھی اتنے کنجوس ہو کہ ایک پیسا بھی کسی غریب کو نہ دو گے۔ یہ مال ہم نے دیا ہے جب چاہیں لے سکتے ہیں اللہ جس کو چاہتا ہے بے حساب دیتا ہے دینے والا اللہ ہے اللہ کا ارشاد ہے” انسان بہت بخیل ہے بعض اوقات جوش خطابت میں بعض مقرر آیات قرآنی کی درست تفسیر نہیں کرتے۔ اللہ نے مختلف اقوام کو عذاب دیئے فرعون کو غرق کر دیا، قارون جب بگڑ گیا تو قارون کے نوکر اور گھر سب کچھ زمین نگل گئی۔