
حکومتوں کے آمرانہ رویے بے گناہوں کا قتل عام و گرفتاریاں قابل مذمت ہیں
انسانی حقوق کے علمبرداروں کی جانب سے نائجیریا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر خاموشی سوالیہ نشان ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حکومتوں کے آمرانہ رویے عوام کےلئے مشکلات پید اکررہے ہیں،بے گناہوں کا قتل عام و گرفتاریاںقابل مذمت ہیں۔
علامہ ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ یوم عاشور نائجیریا او ر مقبوضہ کشمیر میں عزادران پر ظلم و ستم بنیادی حقوق کی نفی و کھلی جارحیت ہے، محرم الحرام حریت ،جذبہ قیام اور حق کےلئے ڈٹ جانے کادرس دیتاہے، انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر نائجیریا میں 13افراد شہید اور 10زخمی ہوئے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں عزاداران پر شیلنگ ، لاٹھی چارج، اور پیلیٹ گن سے فائرنگ کی گئی ، بے گناہ لوگوں کاقتل و گرفتاریاں معنی خیز ہیں جس کی پرُزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور جو لوگ آزادی کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں ہم ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی ،حریت ، جذبہ قیام اور حق کےلئے ڈٹ جانے کا واضح اور تاقیامت رہنے والا ابدی پیغام ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ بعض حکومتوں کے آمرانہ رویے عوام کےلئے مشکلات پید اکررہے ہیں ہم مظلوم کے حامی اور ظالم کے مخالف ہیں۔
حضرت امام حسین علیہ السلام نے بھی کسی خاص خطے اورمذہب کےلئے نہیں انسانیت کےلئے عظیم قربانی پیش کی، کربلا کا درس دراصل درس حریت ہے۔امام عالیٰ مقام نے معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور بدی کی قوتوں کے خلاف قیام کرکے بلاتفریق مذہب و مسلک‘ رنگ و نسل ‘ انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔لہذا نائجریا اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم وستم شہری آزادی اوربنیادی انسانی حقوق کی نفی ہے ۔عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کی جانب سے نائجیریا اور مقبوضہ کشمیر میں حکومتوں کے آمرانہ اور انسانیت سوز مظالم پر خاموشی انکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ؟ نائجیریا اور مقبوضہ کشمیر میں حکومتوں کے آمرانہ اقدات کو روکنے کےلئے ٹھوس اقدات وقت کی ضرورت ہیں اس سلسلے میں او آئی سی بھی متحرک ہو کر عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے نائیجریااور مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام پر ظلم وستم کو رکوانے کےلئے اپنا مثبت کر دار ادا کرے ۔