شہداء کی فکر کی حفاظت اور اس کا فروغ وارثان کی ذمہ داری ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 48ویں سالانہ اتحاد ملت و استحکام پاکستان کنونشن کے پہلے روز شب شہداء کا انعقاد کیا گیا۔
کنونشن میں شہدائے ملت تشیع پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہداء کے ورثاء نے بھی تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
ممتاز عالم دین اور آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی صدر علامہ شبیر بخاری نے شب شہداء کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اپنا وظیفہ شرعی ادا کر دیا اب وارثان شہداء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے نظریہ و افکار کی حفاظت کرتے ہوئے معاشرے میں ان کی فکر کو عام کریں۔
شب شہداء میں ملک بھر سے امامیہ طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پنڈال اور گردو نواح میں پاک فوج اور شہداء ملت تشیع کی تصویروں کو آویزاں کیا گیا تھا۔ آئی ایس او کے بانی رہنما شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی المناک شہادت کے منظر کو بھی خصوصی طور پر ماڈل کی مدد سے نمایاں کیا گیا تھا۔