8 فروری کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شمولیت ضروری ہے، علامہ سید شفقت حسین شیرازی
شیعہ نیوز: مرکز تحقیقات باقرالعلوم قم المقدس میں وائس آف نیشن سے مربوط محققین اور لکھاریوں کے اعزاز میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ امور خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی صاحب کی طرف سے اعشائیہ دیا گیا۔ نشست کے آغاز میں تلاوت قرآن مجید کا شرف محترم تنویر مطہری نے حاصل کیا۔وائس آف نیشن کے مسئول محترم نذر حافی نے اپنے افتتاحی کلمات میں قلم اور صاحبان قلم کی ضرورت و اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے فرسودہ رواجوں، خرافات اور جمود کو توڑنے اور بند دماغوں کو کھولنے کیلئے تحقیق کے تازہ خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے بیان کیا کہ تحقیق ریل کی پٹڑی کی مانند معاشرے کو منزل کی طرف لے جاتی ہے۔ وہی تحقیقات مفید ہوتی ہیں، جو معاشرتی مسائل کا حل پیش کرتی ہیں۔
ان کے بعد ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں چند روز باقی ہیں اور یہ انتخابات پاکستان کے لئے بہت ہی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ انتخابات پاکستان کی خود مختاری اور کشمیر کی آزادی کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھرپور طریقے سے ان انتخابات میں شرکت کرنی چاہیئے اور اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان انتخابات میں اگر عوام نے بھرپور شرکت نہیں کی تو نتائج بھی عوام میں کے حق میں نہیں ہونگے۔ اس موقع پر محترم منظوم ولایتی، جناب بشیر دولتی، محترم صادق جعفری، سید فراز نقوی اور برادر سید افتخار نقوی صاحب نے انتخابات کے متعلق مختلف سوالات بھی کئے۔
جن کے جواب میں حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ امریکی اور مغربی غلامی سے نجات حاصل کرنا ہمارے لئے ضروری ہے۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک کا مستقبل روشن ہو، ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت اور سازش نہ ہو، ہماری فوج اور عدلیہ آزاد ہو۔ یہ سب تبھی ہوسکتا ہے کہ جب ملک سے وڈیرہ شاہی اور بیرونی لابیوں کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ہمیں یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ ہم اپنے ملک کے استقلال کیلئے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آٹھ فروری کو عوام بھرپور طریقے سے اپنے ووٹ کی طاقت کا مظاہرہ کریں۔