علامہ ضیاء اللہ بخاری کی علامہ عارف حسین واحدی سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مرکزی متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی، صاحبزادہ سید اسامہ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر مختلف مسالک اور فقہوں کے درمیان مشترکات اور اتحاد و وحدت پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے فرقہ واریت کے خاتمے اور امت کے ایک ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآن نے امت کی عظمت بیان کرتے ہوئے امت خیر اور امت وسط کہا ہے، اس قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرنے کے لئے ملکی سطح پر مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں اہل تشیع کے علاوہ کسی نےمتنازعہ ”یکساں تعلیمی نصاب“ کے خلاف آواز نہیں اٹھائی
دونوں علمائے کرام نے ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلمان ہیں، یہ ملک اسلام کے نام پر آزاد ہوا۔ تمام قوم، جوانان، علمائے کرام اور خاص طور پر سیاستدانوں سے گزارش ہے کہ اختلافات کو دشمنی اور نفرت کی حد تک نہ لے جائیں، اس ملک کے استحکام، عزت و عظمت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ان دشمنیوں اور نفرتوں کو ختم کرکے محبتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔