
امریکہ اور اسکے اتحادی مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، سراج الحق
شیعہ نیوز: جماعت اسلامی کے سابق امیر کا کہنا تھا کہ عالمی استعمار کی ظالمانہ پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں اور ان شاء اللہ فلسطین سمیت مظلوم امت کی آزادی کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔
نیوز نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا امت مسلمہ کی بیداری اور استقامت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار کی ظالمانہ پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں اور ان شاء اللہ فلسطین سمیت مظلوم امت کی آزادی کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف کسی اقدام کی صورت میں پاکستانی عوام کا شدید ردعمل آئے گا
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر مسلم ممالک اپنے نظریئے پر قائم رہیں اور یک زبان ہو جائیں تو کوئی طاقت انہیں زیر نہیں کرسکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع العلوم میں جماعت اسلامی ضلع ملتان کے ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان، خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل، مولانا عبدالرزاق مہتمم جامع العلوم، حافظ محمد اسلم نائب امیر ضلع، اسد منیر نائب امیر ضلع، خواجہ صغیر احمد نائب امیر ضلع اور دیگر ذمہ داران جماعت اسلامی سمیت ارکان اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔