امریکا انسانی حقوق کا قاتل تو ہو سکتا ہے، علمبردار نہیں، مولانا فضل الرحمان
شیعہ نیوز: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کا ظلم و بربریت جاری ہے، امریکا انسانی حقوق کا قاتل تو ہو سکتا ہے، علم بردار نہیں۔ لاہور میں مولانافضل الرحمان نے مینارِ پاکستان پر گولڈن جوبلی ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان کے عوام ختم نبوت کا دفاع کرنا جانتے ہیں، آج کا اجتماع پاکستان کی وحدت کی علامت ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بڑے لوگوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہئے، میں عالمی برادری کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اسرائیل کا وجود تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کا ظلم و بربریت جاری ہے، حماس کے مجاہدین فلسطین کی آزادی کیلئے آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا انسانی حقوق کا قاتل تو ہو سکتا ہے، علم بردار نہیں۔ ہمارے فلسطینی بھائیوں کا خون بہہ رہا ہے، ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے، امن نہیں دے سکتے تو ٹیکس کس بات کا لیا جا رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اس میں اسلام کی قدروں کو بلند ہونا ہوگا، اسلامی نظریاتی کونسل میں تمام مکاتب فکر کی نمائندگی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 کا الیکشن اور 2024 کے الیکشن کے نتائج دونوں دھاندلی زدہ ہیں، اب اہمیت اس عوامی اسمبلی کی ہے یہاں سے قوانین پاس ہوں گے۔