امریکا کا ایران پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان
شیعہ نیوز: اسرائیل پر حملے کے بعد امریکا ایران کے خلاف نئے اقدامات کرے گا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرامز پر نئی پابندیاں لگائے گا، امید ہے کہ امریکا کے اتحادی اور شراکت دار بھی اس قسم کے اقدامات کریں گے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیوں کا مقصد اس کی عسکری طاقت کو محدود کرنا ہے۔جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ پابندیوں اور دیگر اقدامات سے ایران پر دباؤ برقرار رکھیں گے۔
دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کی آج رات اسرائیل آمد متوقع ہے۔ اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کیمرون اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق ڈیوڈ کیمرون رام اللّٰہ میں فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون غزہ میں امداد بڑھانے، اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اور ایرانی حملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔