کربلا میں اربعین کی مشی کے لیے خصوصی ہیلتھ کیئر پلان کا اعلان
شیعہ نیوز: کربلا کے جنرل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے پیر کے روز اربعین کی مشی کے لیے خصوصی پلان کی تفصیلات بتا دیں۔
عراقی خبررساں ایجنسی واع نے خبر دی ہے کہ کربلا کے محکمہ صحت عامہ نے پیر کے روز اربعین کی مشی کے خصوصی پلان کی تفصیلات بیان کیں۔
کربلا کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل صباح الموسوی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے اربعین کی مشی کے غیر معمولی پلان میں شہر کے پرانے علاقے میں قائم ایمرجنسی سینٹر کے قرب و جوار میں 100 ایمبولینسوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے جو کربلا شہر کے بیرونی راستوں پر خدمات فراہم کریں گی۔
انہوں نے زائرین کو صحت اور علاج کی بہتر خدمات فراہمی کے لئے شہر کے تین مرکزی مقامات کے ساتھ 20 کلومیٹر کے فاصلے تک 43 میڈیکل ٹیموں کی تعیناتی کا بھی اعلان کیا۔
الموسوی نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں نجف سے کربلا جانے والی سڑک پر کھمبہ نمبر 880 کے قریب الزہراء فیلڈ اسپتال کا قیام، نیز اس منصوبے کی حمایت کرنے والے نجی ہسپتالوں کے علاوہ 8 سرکاری ہسپتالوں کی آمادگی بھی شامل ہے۔زائرین کے پینے کے پانی اور کھانے کا بندوبست کرنے کے لیے 55 انتظامی کمیٹیاں جب کہ اربعین کی مشی کے دوران ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 60 امدادی گروپ تیار کیے گئے ہیں۔
کربلا کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے صحت کے مراکز میں ہنگامی مریضوں کے لیے ادویات اور ضروری طبی سامان سے لیس وسیع ہالوں کے بندوبست کا اعلان کیا۔
انہوں نے تاکید کی کہ کربلائے معلی کے محکمہ صحت نے وزارت صحت کی سفارشات کے مطابق احتیاطی تدابیر اور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
اس حوالے سے زائرین، امدادی انجمنوں اور موکبوں کے ذریعے متعدی بیماریوں کے خطرات سے بچنے کے لئے ماسک کے استعمال، ذاتی حفظان صحت کا خیال اور ہاتھ دھونے کے مناسب طریقوں کے بارے بریف دے کر وبائی امراض کے بارے میں آگاہی اور صفائی کلچر کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں اٹھائے جا رہے کہ جب گزشتہ روز عراقی سرحدی گزر گاہوں کی تنظیم کے سربراہ عمر الوئلی نے اعلان کیا تھا کہ تین دنوں میں 92 ہزار سے زائد غیر ملکی زائرین 12 بارڈر کراسنگ کے ذریعے عراق میں داخل ہوئے ہیں۔
92,615 زائرین افغانستان، آذربائیجان، پاکستان اور ایران سے عراق میں داخل ہوئے ہیں۔ یہ زائرین 12 سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے عراق میں داخل ہوئے ہیں جن میں کردستان کے علاقے بھی شامل ہیں۔ زرباطیہ (مہران) کراسنگ پوائنٹ میں زائرین کی سب سے زیادہ آمدورفت ہوتی ہے کہ جہاں سے 60 فیصد زائرین عراق میں داخل ہوتے ہیں۔