غزہ پر قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 71 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف مزید 7 قتل عام کیے، جس کے نتیجے میں 71 شہری شہید اور 102 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ اکتوبر کی سات تاریخ سے اب تک اسرائیلی دشمن کی ننگی جارحیت میں 32,916 شہید اور 75,494 زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بہت سے زخمی اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں اور ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی حکومت کو اپنے مجرمانہ اقدامات پر پچھتانا ہوگا، آیت اللہ علی خامنہ ای
فلسطینی ذرائع نے غزہ پر قابض صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے طلباء کے اعداد و شمار کی طرف اشارہ کیا۔
فلسطینی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کو غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی قابض فوج کے حملوں میں 6050 فلسطینی طلباء شہید ہوچکے ہیں۔
وزارت تعلیم کی رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 408 سکولوں کو بمباری کرکے تباہ کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جنگ کے شہداء کی تعداد 32 ہزار 916 جب کہ زخمیوں کی تعداد 75 ہزار 494 ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ تقریباً 8000 لوگ اب بھی لاپتہ اور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔