مشرق وسطی

سعودی اتحاد کو انصاراللہ یمن کا سخت انتباہ

شیعہ نیوز:المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے مذاکرات کار وفد کے رکن عبدالملک العجزی نے کہا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے کسی بھی طرح کے اقتصادی تادیبی اقدام کا کوئی مطلب نہیں ہوتا اور اس قسم کے اقدام سے یمن کے انسانی و اقتصادی مسئلے کے حل میں پیشرفت رکنے کے علاوہ اس کا کوئی اور نتیجہ نہیں نکلے گا۔

انھوں نے کہا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے تادیبی اقدامات کئے جانے سے مسئلہ یمن کے حل سے متعلق بروئے کار لائی جانے والی کوششیں ناکام ہوں گی اور اس سلسلے میں انجام پانے والے دورے کے نتائج بھی برعکس نکلنا شروع ہو جائیں گے۔

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے مذاکرات کار وفد کے رکن عبدالملک العجزی نے کہا کہ جارح ممالک ہی یمنی عوام کے خلاف نئے اقدامات سے پیدا ہونے والے مسائل کے ذمہ دار ہوں گے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے رہنما عبدالملک بدرالدین الحوثی نے بھی تاکید کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے فوجی یا اقتصادی شعبے میں کسی بھی ایسے عمل میں لائے جانے والے اقدام کا سختی سے اور منھ توڑ جواب دیا جائے گا جس سے اقتصادی اور یا فوجی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ محمد عبد السلام نے بھی کہا ہے کہ سعودی اتحاد کے کسی بھی منفی اقدام کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے اور بڑھنے والی کشیدگی کا ذمہ دار سعودی اتحاد ہی ہوگا۔

دوسری جانب یمنی پارلیمنٹ کی اعلی کمیٹی نے انصاراللہ کے سربراہ کے اس اصرار کی قدردانی کی ہے کہ یمنی عوام کی دولت و ثروت لوٹے جانے کی روک تھام کی جانی چاہئے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے رہنما عبدالملک بدرالدین الحوثی اور یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے یمن کے قدرتی ذخائر کو یمنی عوام کی خدمات اور یمنی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلے میں صرف کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس کونسل نے یمنی عوام کی دولت و ثروت کی لوٹ مار بند کئے جانے پر بھی زوریا ہے۔

یمنی پارلیمنٹ کی اعلی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی عوام کے مطالبات قانونی و منطقی ہیں اور وہ اپنے ملک کے مسائل کا اس طرح سے حل چاہتے ہیں جو سب کے لئے قابل قبول ہو اور نتیجے میں علاقائی امن و استحکام میں مدد ملے۔

یمنی پارلیمنٹ نے سعودی اتحاد کی جانب سے کسی بھی مسئلے سے غلط فائدہ اٹھائے جانے پر خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ کسی بھی طرح کی مشتبہ کوششوں سے بچا جانا چاہئے۔ یمنی پارلیمنٹ نے کسی بھی قسم کی جارحیت کے مقابلے میں مسلح افواج کی توانائی کو بھی سراہا ہے۔ٓ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button