
رہبر انقلاب اور شیعہ مرجعیت کے خلاف ہر قسم کی جارحیت یا دھمکی آمیز رویہ، "محاربہ” ہے: آيت اللہ نوری ہمدانی
شیعہ نیوز: قم کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی نے رہبر انقلاب اسلامی کی توہین کو اسلام کی توہین قرار دیا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ جو شخص یا حکومت شیعہ مرجع تقلید کی توہین کرے یا انہیں دھمکی دے، اس نے اسلام کے اصل کی توہین کی ہے اور اس شخص یا حکومت کا حکم محارب کا حکم ہے اور جو کوئی اس کی مدد بھی کرے اس پر بھی یہی حکم جاری ہوگا۔
آيت اللہ حسین نوری ہمدانی نے فرمایا کہ آج آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای پوری طاقت اور شجاعت کے ساتھ امت اسلامیہ کی رہبری کر رہے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ان کی حمایت واجب اور انہیں کمزور کرنے پر مبنی کوئی بھی اقدام حرام ہے وہ بھی ایسے حالات میں کہ جب اسلام، قرآن اور اہل بیت (ع) کے دشمن، اسلام کے خلاف متحد ہوچکے ہیں۔
بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ نوری ہمدانی نے صاف الفاظ میں فرمایا کہ شیعہ مراجع پر جارحیت یا انہیں دھمکی دینے اور اس جارحیت میں سہولت فرامہ کرنے والوں کا شرعی حکم "محاربہ” ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی بزرگ مراجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی، آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی اور دیگر مراجع تقلید نے رہبر انقلاب اسلامی کی توہین اور ان کے خلاف امریکی صدر کے نازیبا الفاظ اور دھمکی آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کو ہر طرح کے نقصان پہنچانے کی جانب سے کھل کر خبردار کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے 1300 علمائے اہل سنت نے بھی ہفتے کے روز عالم اسلام کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے، انہیں صیہونی حکومت اور عالمی استکبار کے خلاف کھل کر موقف اختیار کرنے کی اپیل کی تھی۔