مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

عرب ممالک ذلت و رسوائی کا انتظار کریں سربراہ انصار اللہ

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی ذرائع نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ جنوبی یمن کے جزیرہ سقطری میں منصور ہادی سے وابستہ سعودی عرب کے فوجیوں اور جنوبی یمن میں متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل کے مسلح گروہوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں مختلف قسم کے ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہو گئیں جب جنوبی یمن کی عبوری کونسل کے مسلح گروہوں نے صوبے سقطری کے صدر مقام حدیبو میں قائم چیک پوسٹوں کو آر پی جی سے اڑا دیا۔

متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں نے جمعرات کے روز حدیبو سے سعودی عرب کے فوجیوں کی پسپائی کے بعد اس شہر کا محاصرہ بھی کر لیا۔ متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ جنوب کی عبوری کونسل نے اپریل کے آخری ایام میں عدن اور جنوبی یمن کے مختلف صوبوں میں ہنگامی حالت اور ان صوبوں کی خودمختاری کا اعلان کر دیا تھا۔

اقوام متحدہ نے جنوبی یمن میں ان دونوں فریقوں سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثنا یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں جنگ پسندانہ اقدامات سے امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کا مقصد ہر سطح پر امت مسلمہ کو کمزور کرنا ہے۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبد الملک بدر الدین الحوثی نے استکبار کے خلاف آواز اٹھائے جانے کے قومی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینی عوام کے خلاف اپنے جارحانہ اور ظالمانہ اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں اور مسلمانان عالم کو غاصب صیہونی حکومت کے ان جارحانہ اقدامات کے مقابلے میں خاموش نہیں بیٹھنا چاہئے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبد الملک بدر الدین الحوثی نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لئے بعض عرب ملکوں خاص طور سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک اس بات کو نہیں سمجھتے کہ غاصب صیہونی حکومت کی خوشامد کرنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور انہیں مستقبل میں ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے اسی طرح لبنان اور شام کے بحران میں امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، سیاسی و فوجی میدانوں میں حزب اللہ لبنان کے مقابلے میں شکست کھا جانے کے بعد اب اس ملک کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ اقتصاد و معیشت کو ہتھکنڈہ بنا کر اس ملک کو جھکنے پر مجبور کر سکے۔

تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یمن اور مختلف اسلامی ملکوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی وجہ عالمی استکبار کی حمایت کو قرار دیا اور کہا کہ یہ تکفیری عناصر امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے مقاصد کو ہی پورا کرنے کے لئے سرگرم ہیں اور انہیں اسی لئے وجود میں لایا گیا ہے۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close