پاکستانی شیعہ خبریں

اربعین تاریخ انسانی کا بے مثال اجتماع ہے، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے نجف اشرف سے کربلا معلیٰ کی جانب مشی کے حوالے سے کہا ہے کہ اربعین تاریخ انسانی کا بے مثال اجتماع ہے۔ جہاں دنیا کے مختلف رنگ و نسل کے لاکھوں، کروڑوں انسان حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا سے اپنے عشق کا اظہار کرنے آتے ہیں۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کے عشق و مودت میں زائرین اور ان کی خدمت کرنے والے ایثار و فداکاری، عشق اہل بیت، عبادت و عبودیت الٰہی، سخاوت و دیگر اعلیٰ انسانی اقدار کا اظہار کرتے ہیں۔ عراق کی گرمی میں اسی کلو میٹر سے زائد کا سفر مرد، خواتین، جوان، بوڑھے، بچے سبھی عشق اہل بیت علیہم السلام میں طے کرتے ہیں۔ جن کے پاؤں میں چھالے پڑ جاتے ہیں، وہ بھی اس مقدس سفر کو جاری رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اربعین کا عالمی اجتماع اور واک دنیا بھر سے آئے ہوئے مختلف رنگ و نسل کے لوگوں کو عشق حسینؑ کی لڑی میں پرونے کا کام کرتی ہے، اور ان کے درمیان الفت، محبت و بھائی چارے میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام عالم انسانیت کے رہبر و رہنماء ہیں۔ اس لئے تمام مسلمان مکاتب فکر کے علاؤہ غیر مسلم ہندو، کرسچن و دیگر ادیان کے لوگ محسن انسانیت سے اپنے عشق و محبت کا اظہار کرنے کربلا آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کربلا معلیٰ کے ساتھ ایران کے شہر یزد میں پیش آنے والا حادثہ دردناک ہے۔ المناک سانحے پر شہیدوں کے ورثاء کو تعزیت اور تسلیت عرض کرتے ہیں، اور زخمیوں کی صحت و تندرستی کے لئے بارگاہ رب العزت میں دعاگو ہیں۔ اللہ تعالیٰ بحق امام حسین علیہ السلام تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button