یاعلیؑ مدد کا نعرہ لگا کر اولمپیکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا فقید المثال استقبال
ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ن لیگی رہنما احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب، رانا مشہود اور عظمی بخاری بھی موجود تھیں، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے ارشد ندیم کو گلے لگا کر مبارکباد دی، عظمی بخاری نے انہوں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ارشد ندیم کے اہلخانہ، دوست احباب، گاؤں والوں لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی، پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا۔ پولیس کی جانب سے اولمپیئن ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لاؤنج شہریوں سے خالی کروا کر سیکیورٹی لگائی گئی تھی۔ پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران نے ارشد ندیم کو سیکیورٹی فراہم کی، ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کی سیر کرائی گئی، ان کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس پائلٹ موجود تھا، ارشد ندیم کی بس کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق ارشد ندیم کے پروٹوکول کےلئے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک مقرر کیے تھے، جبکہ متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ریسیو کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ ارشد ندیم ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کی سیر کے بعد اپنے گاؤں میاں چنوں روانہ ہو گئے ہیں۔ ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کے گاؤں میاں چنوں چک 101 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا تھا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے۔ ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایشیاء ایتھلیٹکس کے نائب صدر و چیئرمین سائوتھ ایشیاء ایتھلیٹکس میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کے ہمراہ پیرس سے واپس وطن روانہ ہوئے تھے۔