اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 52ویں مرکزی کنونشن کا آغاز ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 52ویں سالانہ مرکزی کنونشن کا آغاز بھٹ شاہ سندھ میں ہوگیا، مرکزی کنونشن 26 دسمبر تک جاری رہے گا، آخری روز اے ایس او کے نئے مرکزی صدر کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس او پاکستان کا 52واں سالانہ مرکزی کنونشن بعنوان "اسلام پیغام وحدت و یومِ امام زین العابدینؑ” ثقافتی مرکز بھٹ شاہ ضلع مٹیاری سندھ میں شروع ہوگیا۔ کنونشن میں اصغریہ اسٹوڈنٹس کے کارکنان کثیر تعداد میں شریک ہیں، کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے روز باجماعت نماز مغربین کے بعد اجتماعی دعائے کمیلؒ کا انعقاد کیا گیا، تلاوت علامہ سجاد علی جوادی نے کی۔ وفقہ طعام کے بعد مرکزی کنونشن کی پہلی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد اے ایس او کے مرکزی صدر معین رضا اصغری نے افتتاحی خطاب کیا۔ پہلے روز علامہ مولا بخش ہالائی، علامہ اختر حسین قمی و دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا، جبکہ مختلف اضلاع نے سالانہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں موجودہ ملکی مسائل کی وجہ قائداعظم کے سنہری اصولوں کو فراموش کرنا ہے
26 دسمبر تک جاری رہنے والے مرکزی کنونشن میں سندھ سمیت پاکستان بھر سے آنے والے علمائے کرام، دانشور حضرات، ماہرین تعلیم خطاب کریں گے۔ اس موقع پر مرکز، ڈویژنز، اضلاع اور تعلیمی اداروں کی سالانہ کارکردگی رپورٹس پیش کی جائیں گی، جبکہ نئے سال کیلئے نئے مرکزی صدر کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔ مرکزی کنونشن کے ایجنڈے میں روح پرور دُعائیہ محفل، علمی مذاکرہ، تقریری مقابلہ، اجتماعی مباحثہ، ٹیبلوز، تعلیمی کانفرنس، سابق مرکزی صدور کی محفل، شب شہداء، جنرل نشست سوالات اور جوابات، مکمل تنظیم تعارف سے آگاہی، تقریب تقسیم انعامات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 26 دسمبر کو بزرگ عالم دین علامہ حیدر علی جوادی کی زیر صدارت جلسہ عام بعنوان ’یوم امام زین العابدینؑ‘‘ کا انعقاد ہوگا، جس میں اصغریہ اسٹوڈنٹس کے نئے مرکزی صدر کا اعلان کیا جائے گا۔