
آیت اللہ شیخ محسن نجفی کی علمی ادبی، دینی اور تبلیغی خدمات کو یاد رکھا جائیگا، تعزیتی ریفرنس
شیعہ نیوز: جعفریہ آرگنائزیشن پاکستان کے تحت آیت اللہ شیخ محسن نجفی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس جامع مسجد و امام بارگاہ نور ایمان ناظم آباد کراچی میں منعقد ہوا جس سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ آیت اللہ شیخ محسن نجفی کی علمی، ادبی اور دینی تبلیغات کے حوالے سے خدمات کو یاد رکھا جائیگا، آپ دینی، انسان، مدارس و مساجد کے قیام علاج معالجہ، طلبہ و طالبات اور ضرورت مندوں کی اعانت کے حوالے سے خاص خدمات انجام دے رہے تھے، آپ تبلیغ دین، تفسیر قرآن اور بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ایک ایسے مجاہد تھے جن کی خدمات اتحاد ملت، اتحاد بین المسلمین اور محسن ملت کے حوالے سے قابل تحسین ہے، قرآنی فکر کا فروغ اور اچھی اور بہتر خدمات کے حوالے سے امت مسلمہ ایک اچھے انسان سے محروم ہوگئی، مسلمان ان کی خدمات کو فراموش نہیں کرپائیں گے، آج عالم اسلام افسردہ ہے اور ہم سب سوگوار ہیں۔
تعزیتی ریفرنس سے علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ رضی جعفر نقوی، مولانا شیخ سلیم، مولانا ناظر عباس تقوی، علامہ اطہر حسین مشہدی، شبر رضا رضوی، حسن صغیر عابدی، احمد علی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ نثار قلندری، مولانا قاسم جارچوی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ مولانا مرزا آغا حبیب، مولانا جہانگیر حسین جعفری، مولانا خلیل احمد کمیلی، مولانا صادق جعفری، مولانا علی عباس، آغا سبط حیدر موسوی، علامہ حسن شاکری، مولانا سجاد اور دیگر تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ بعد ازاں مرحوم کے فرزند نے ان کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔