آیت اللہ رضا رمضانی کی وفد کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری و فاتحہ خوانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجمع جہانی اہلبیتؑ کے مرکزی سیکرٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی کی قیادت میں ایران سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد نے مزار قائدؒ پر حاضری دی و فاتحہ خوانی کی۔
تفصیلات کے مطابق مجمع جہانی اہلبیتؑ ایران کے مرکزی سیکرٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے مرکزی شہر کراچی پہنچ گیا۔ اس موقع پر ایران سے آئے اعلیٰ سطحی وفد نے آیت اللہ رضا رمضانی کی قیادت میں مزار قائدؒ پر حاضری دی و فاتحہ خوانی کی۔ اعلیٰ سطحی وفد نے مزار قائدؒ پر پھول بھی چڑھائے۔
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا شبیر میثمی بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کو مزار قائدؒ کا دورہ کروایا جبکہ مزار قائدؒ پر تعینات پاک نیوی کے دستے نے ایرانی وفد کو سلامی بھی پیش کی اور میوزیم سمیت مزار قائدؒ کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کروایا۔ ایرانی وفد نے انتظامی امور ادا کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ایس یو سی کی استحکام پاکستان کانفرنس۹ جولائی کو نشتر پارک میں منعقد ہوگی
بعد ازاں آیت اللہ رضا رمضانی کی قیادت میں وفد نے جامعہ بنوریہ کراچی کا دورہ کیا اور اساتذہ سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سوئیڈن سمیت مغربی ممالک میں قرآن مجید کے حوالے سے ہونے والے توہین آمیز واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے انتہائی تکلیف دہ اور قابل مذمت عمل قرار دیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قرآنی تعلیمات کے فروغ کی جدوجہد کو مزید بڑھایا جائے گا۔