
حجاب پر پابندی نے مودی حکومت کا چہرہ بے نقاب کردیا ، حامد موسوی
شیعہ نیوز: آغا سید حامد علی موسوی نے کہا ہےکہ حجاب پر پابندی نے مودی حکومت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کردیا ہے،بھارت کیخلاف محض اوآئی سی کا بیان کافی نہیں۔بھارت اسلامی شعائر پرمسلسل حملہ آور ہے۔ مسلم ممالک بھارت سے یارانے ختم کریں ، ہندو جنونیوں کے اقدامات نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو دیے جانے والے مذہبی آزادی کے سرٹیفکیٹ کا بھی پول کھول دیا ، خواتین عالم کی عزت و عظمت مغربی نعروں اور مارچ میں نہیں فاطمیؓ و زینبیؓ کردار اپنا نے میں ہے ، جنونیوں کے ہجوم میں مسلم خواتین کواپنی اقدار اور روایات کیلئے آواز بلند کرنے کا حوصلہ سیدہ زینبؓ بنت علیؓ نے بخشا،25رجب کو زینبیؓ راہ پر چلتے ہوئے ماتمی احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواسی رسول سیدہ زینب بنت علی کے یوم شہادت کے موقع پریوم شریکۃ الحسین کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو جو عزت و حرمت بخشی کوئی مذہب اور معاشرہ اس کی مثال پیش نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہاکہ ساری دنیا بھارت و اسرائیل کی دہشت گردی اور بربریت کے خلاف چیخ رہی ہے لیکن اس کے باوجود یہ دہشت گرد امریکہ کی آنکھ کا تارا ہیں۔