دختر رسول حضرت بتول (ع) کے ایام شہادت کا آغاز
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے بعض گوشوں میں آج تیرہ جمادی الاول سے ایام فاطمیہ نامی سلسلۂ عزا کا آغاز ہو رہا ہے جو تین جمادی الثانی تک جاری رہے گا۔ بعض روایات کی بنا پر بنت رسول، بضعۃ المصطفیٰ (ص)، حضرت فاطمہ زہرا علیہا سلام کی تاریخ شہادت ۱۳ جمادی الاولیٰ جبکہ بعض روایات کے مطابق ۳ جمادی الثانی کو ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا ۲۰ جمادی الثانی بعثت کے پانچویں سال مکہ مکرمہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں اور سرکار دوعالم کی آغوش میں پرورش پائی اور اعلیٰ الہی تعلیمات کی حامل بنیں۔ شہزادی کونین علوم الہی کے سرچشمے سے سیراب ہوئی تھیں اور آپ کو دختر نبوت اور مادر امامت ہونے کا شرف حاصل رہا۔
پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی لخت جگر، شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کے ایام شہادت کی مناسبت سے ایران اور عراق کے مقدس مقامات پر سیاہ پرچم لہرا دئے گئے ہیں اور مجالس و نوحہ خوانی کا سلسلہ گزشتہ شب سے شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ شب مساجد اور مراقد مشرفہ میں مجالس و نوحہ خوانی کا سلسلہ رہا جس میں اٹھارہ برس کی کم عمری کے باوجود بنت رسول کے رہنما اور قائدانہ کردار پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ آپؑ پر پڑنے والے کوہ شکن مصائب و آلام کو بھی یاد کیا گیا۔
ایران کے مقدس مقامات بالخصوص حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ اطہر، حضرت فاطمہ معصومہ علیہا سلام کی بارگاہ عالیہ، حضرت احمد بن موسیٰ علیہ السلام کے مزار اقدس اور حضرت عبد العظیم حسنی کے حرم مبارک میں گزشتہ شب خاندان اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں اور سوگواروں کا ہجوم تھا جنہوں نے اشک بار آنکھوں اور شکستہ دل کے ساتھ بارگاہ نبوی میں آنحضرت (ص) کی بیٹی کا پرسہ پیش کیا۔
اُدھر عراق کے مقدس مقامات بالخصوص نجف اشرف میں بھی عزا کا ماحول ہے اور خاندان نبوت و امامت کے چاہنے والے جوق در جوق مشاہد مشرفہ کا رخ کر کے بارگاہ مظلومہ (ع) میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔