
شیعہ ڈاکٹر عسکری حیدر کے قاتلوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ملزموں نے ڈاکٹر عسکری حیدر کی گاڑی کو روکا اور پھر پیچھا کر کے فائرنگ کردی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ ماہر امراض قلب ڈاکٹر عسکری حیدر کے قاتلوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ملزموں نے ڈاکٹر عسکری حیدر کی گاڑی کو روکا اور پھر پیچھا کر کے فائرنگ کردی۔ دوسری طرف سی ٹی ڈی نے کالعدم لشکر جھنگوی کے اہم رکن شریف اللہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیو کراچی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک کار لفٹر کو بھی پکڑ لیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں سرجن ڈاکٹر عسکری حیدر کی گاڑی روکنے اور فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو ملزموں کو گاڑی روکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم گاڑی کی دونوں جانب کھڑے نظر آرہے ہیں۔ ڈاکٹر عسکری حیدر نےگاڑی بھگانے کی کوشش کی تو ملزموں نے پیچھا کیا۔ پتلون بوشرٹ میں ملبوس ملزموں میں سے موٹرسائیکل چلانے والےملزم نے کالے رنگ کا ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔
موٹرسائیکل کے پیچھے بیٹھے ملزم نے گاڑی پر گولیاں برسائیں۔ مقتول ڈاکٹر نے زخمی حالت میں کچھ فاصلے تک گاڑی بھی چلائی۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم لشکر جھنگوی کے اہم رکن شریف اللہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے دو لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے۔ ملزم شریف اللہ نے چوبیس جولائی کو ناظم آباد میں بینک سے چونتیس لاکھ روپے لوٹے تھے۔ ملزم شریف اللہ شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم پر بم دھماکے میں ملوث نعیم کا بھائی ہے۔