
قطری وزیراعظم کیساتھ سی آئی اے اور موساد کے سربراہان کی ملاقات
شیعہ نیوز: وال سٹریٹ جنرل نے خبر دی ہے کہ دوحہ میں صیہونی انٹیلیجنس ایجنسی "موساد” کے سربراہ "ڈیوڈ بارنیا”، امریکی انٹیلیجنس ایجنسی "CIA” کے چیف "ویلیئم برونز” اور قطر کے وزیراعظم کے درمیان ایک ملاقات انجام پائی۔ جس کا مقصد جنگ بندی کے لئے نئے مذاکراتی دور کا آغاز ہے۔ اس امریکی اخبار نے آگاہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ملاقات میں گفتگو کا محور مستقبل میں ایک بڑے اجلاس کی منصوبہ بندی سمیت غزہ و لبنان میں جنگ بندی تھا۔ طے یہ ہے کہ موساد اور سی آئی اے کے سربراہان جلد ہی حساس مصری ادارے کے سربراہ "حسن محمود رشاد” سے ملاقات کریں گے تا کہ غزہ میں سیز فائر کے لئے ضروری مشاورت کر سکیں۔ یاد رہے کہ مصر کی جانب سے حسن محمود رشاد غزہ میں جنگ بندی کے مذاکراتی عمل میں پیشرفت کے ذمہ دار بھی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس” نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ وہ ایسی کسی بھی جنگ بندی کو قبول نہیں کریں گے جس میں غزہ کی پٹی سے صیہونی فوج کا انخلاء شامل نہ ہو۔ دوسری جانب مصری صدر "عبد الفتاح السیسی” نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ قاھرہ نے دو روزہ جنگ بندی کے لئے نئی تجاویز پیش کی ہیں کہ جس کے تحت فلسطینی قیدیوں کے بدلے 4 صیہونی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ نیز آئندہ 10 دنوں میں ایک وسیع جنگ بندی کے لئے مذاکرات شروع کئے جائیں گے۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ امریکی وزیر خارجہ "انٹونی بلنکن” گزشتہ ہفتے مشرق وسطیٰ کے اپنے علاقائی دورے کے دوران دعویٰ کر چکے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ اور اسرائیل و حماس کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے لئے بہت جلد مذاکرات شروع ہوں گے۔