
اسرائیل کو کوئلہ بھیجنے والی کمپنی سے معاہدہ منسوخ کیا جائے گا، کولمبیا کے صدر پیٹرو کی وارننگ
شیعہ نیوز: صدر پیٹرو نے ملٹی نیشنل کمپنی گلنکور کو خبردار کیا کہ اسرائیل کو کوئلہ برآمد کرنے کی صورت میں معاہدہ منسوخ کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے اسرائیل کو کوئلہ برآمد کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی گلنکور کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کمپنی نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے باوجود برآمدات جاری رکھیں تو کولمبیا یکطرفہ طور پر اس کے ساتھ معاہدہ ختم کر دے گا۔
صدر پیٹرو نے لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک کی تنظیم CELAC کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر گلنکور حکومتی حکم کی نافرمانی جاری رکھے تو وہ صوبہ لا گواجیرا میں واقع کوئلے کی کانوں کے اطراف رہنے والے مقامی باشندوں سے مطالبہ کریں گے کہ وہ برآمداتی راستوں کو بند کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فائرنگ سے دو فلسطینی بچے شہید، لاشیں بھی قبضے میں لے لی
انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی، تو ہم معاہدہ تبدیل کردیں گے۔
یاد رہے کہ کولمبیا کی "سریخون” کان، جو گلنکور کے کنٹرول میں ہے، دنیا کی سب سے بڑی کوئلہ کانوں میں شمار ہوتی ہے اور صرف 2023 میں اس نے 19 ملین ٹن کوئلہ پیدا کیا۔
صدر کی دھمکی کے بعد گلنکور نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کو کوئلے کی برآمد روک دی ہے اور وہ حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہے۔ تاہم بعض رپورٹوں کے مطابق دیگر کمپنیاں جیسے ڈریمنڈ اب بھی اسرائیل کو کوئلہ فراہم کر رہی ہیں۔
صدر پیٹرو نے جون 2024 میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بعد اسرائیل کو کوئلے کی برآمدات پر باضابطہ پابندی عائد کی تھی، مگر کسٹم ریکارڈ کے مطابق ستمبر سے اپریل کے درمیان 1.24 ملین ٹن کوئلہ 100 ملین ڈالر سے زائد مالیت کا کوئلہ اسرائیل کو برآمد کیا گیا۔
اگرچہ اقتصادی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات سے کولمبیا میں غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اخلاقی اصولوں، انسانی حقوق اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کو کوئلہ برآمد کرنا کولمبیا کی سرکاری خارجہ پالیسی کے خلاف ہے۔