
کمشنر کراچی اور سندھ حکومت کا محکمہ پرائس کنٹرول شہر قائد میں مافیا کو لگام ینے میں بری طرح ناکام ہیں، علامہ مبشر حسن
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ کراچ کی عوام سے لقمہ چھیننے کی پالیسیاں جاری ہیں، غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے، پیٹرول، بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مافیا نے اب دودھ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا ہے۔ یہ بات انہوں نے فیڈرل بی ایریا کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی اور سندھ حکومت کا محکمہ پرائس کنٹرول شہر قائد میں مافیا کو لگام ینے میں بری طرح ناکام ہیں، دودھ کی بڑھتی ہوئی خودساختہ قیمتوں پر کمشنر کراچی اور سندھ حکومت کی خاموشی سےواضح ہورہا ہے کہ کراچی کی عوام کا خون چوسنے میں یہ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کے افراد شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں مگر بڑھتی مہنگائی اور غربت کی بدولت عوام کیلئے جسم و روح کا رشتہ قائم رکھنا محال ہو گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی روش نہ بدلی اور مہنگائی اور بےلگام مافیاز پر قابو نہ پایا تو وہ دن دور نہیں جب غریبوں کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہو گا، اس لئے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کریں۔