محرم میں دربار بی بی پاکدامنؒ کھول دیا جائیگا، سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے محرم الحرام میں زائرین کیلئے بی بی پاک دامنؒ دربار کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دربار کو 31 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی شاہو میں واقع بی بی پاک دامنؒ کے مزار کے دورہ کے دروان گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور رکن صوبائی اسمبلی خواجہ سلمان رفیق بھی تھے۔
انہوں نے لیگی رہنمائوں نے دربار پر جاری توسیع منصوبے کا جائزہ لیا۔ دربار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر اعلی حکام نے انہیں روڈ میپ اور تعمیری منصوبے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے یکم محرم الحرام سے پہلے دربار بی بی پاک دامنؒ کو کھولنے کا اعلان کیا اور کہا کہ دربار کو 31 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، محرم کے دس دن مزار کھلے گا کوئی اور کام نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی کاوش سے دربار کا تعمیراتی کام مکمل کروائیں گے۔