اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

دہشت گرد تنظیموں کو مالی اعانت فراہم کرنا خطے کی سلامتی پر حملہ ہے، آرمی چیف

شیعہ نیوز : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام اندرونی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔ کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے پاک فوج قومی کوششوں میں بھرپور معاونت کرے گی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہریوں کو بچانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں جیو اسٹریٹجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کورکمانڈرکانفرنس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال ا ور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم و بربریت پر تبادلہ خیال سمیت افغان امن عمل میں مثبت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیاکہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)کو نقصان پہنچانے اور پاکستان میں خاص طور پر بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو مالی اعانت اور تربیت فراہم کرنا خطے کی سلامتی پر حملہ اور امن کے لئے دھچکہ ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سول آبادی کو نشانہ بنانے اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھی غورکیا گیا اور بے گناہ شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ کسی بھی جارحیت کیخلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کورونا وائرس کی صورتحال اور دوسری لہر کے بعد وباکا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے تمام کور کمانڈرز کو وباکے خلاف قومی کوششوں کی حمایت کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام اندرونی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیلنجوں کو پاکستانی عوام کے خوشحالی اور استحکام کے مواقع میں تبدیل کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button