خدا و رسول ﷺ کی خوشنودی کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا زندگی کا مقصد ہونا چاہیے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ اپنی خوشیوں میں مظلوم و محروم مسلمانوں کو یاد رکھیں اور کوشش کی جائے کہ خدا، رسول اکرم (ص) ہم سے راضی ہو اور ہم ان کی خوشنودی کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیں، یہی مشن اور مقصد ہر انسان کا ہونا چاہیئے کیونکہ اس وقت ہم بڑے سخت امتحان سے گزر رہے ہیں جبکہ ہماری زندگیوں میں مشکلات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو کورونا وائرس کی وباء، دوسری طرف طیارہ حادثہ نے قوم کو سوگوار کیا لہٰذا ہمیں خدا کی بارگاہ میں سربسجود ہوکر خیر کی دعا کرنا ہوگی۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ جب ہم اس مشکل سے کامیاب ہوجائیں گے تو اپنی مراد پر پہنچ سکیں گے، لہٰذا مسلمانوں کو ان تمام امور کے ساتھ ساتھ اخلاق و کردار اور اچھے اوصاف کے ساتھ جینے کا سلیقہ سیکھنا ہوگا اور رب کی بارگاہ میں حاضر ہوکر کامیابی و بخشش کا پروانا حاصل ہوگا، کیونکہ ایک اچھے انسان اور نیک بندے کیلئے یہی بہتر اقدامات ہیں کہ وہ خدا کی طرف رجوع کریں اور کامیابی کی دعا کریں۔