بجلی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے باوجود عوام کو 0.77 پیسے کا فائدہ ہوا، جماعت اسلامی کی وضاحتیں
شیعہ نیوز: جماعت اسلامی بجلی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ پر وضاحتیں دینے پر مجبور ہوگئی ہے۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے کامیاب مذاکرات کے ثمرات عوام کو ملیں گے، حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت دیگر مطالبات پر معاہدے کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی یقین دہانی اور معاہدے پر دستخط کے بعد مری روڈ پر چودہ روز سے جاری دھرنا موخر کیا ہے۔ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی یا لیت و لعل سے کام لیا تو حافظ نعیم الرحمان کے حکم پر دوبارہ دھرنا دیں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مطالبات کی منظوری تک دھرنے اور احتجاج کے لیے تیار ہیں۔ 12 اگست کو معاہدے کی خوشی میں کبوتر چوک پر جلسہ تشکر منعقد کریں گے۔ کل کا جلسہ تشکر تاریخی ہوگا۔ جلسہ تشکر سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان خطاب کریں گے۔
عبدالواسع نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی، تنخواہ داروں پر ٹیکسوں میں کمی اور بڑے سرمایہ داروں پر ٹیکسوں کے نفاذ سمیت دیگر مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے لیکن اس کے باوجود بھی عوام کو 0.77 پیسے کا فائدہ ہوا ہے اور ان شاء اللہ اس میں بدتریج کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کو بھاگنے نہیں دے گی، معاہدے کی نگرانی اور تعاقب کرے گی۔ معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں آخری تاریخ سے پہلے پہلے دھرنا دیں گے۔ حکومت کے پاس 42 دن ہیں، سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور مطالبات پورے کرے۔