ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی بات نہیں کررہے، ان کے پاس فیکٹس ہیں، مریم نواز
شیعہ نیوز:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی بات نہیں کررہے، ان کے پاس فیکٹس ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان چار سال پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرتے رہے، پھر جب معیشت برباد ہو گئی تو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔ میں سمجھتی ہوں جب حکومتیں جاتی ہیں تو وہ خوشی سے اپنی کارکردگی بتاتی ہیں۔ عمران خان جاتے جاتے ن لیگ حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ کے مطابق پی ٹی آئی نے معیشت میں بارودی سرنگوں کا اعتراف کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا۔ ن لیگ نے اپنی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا تھا۔ بطور وزیراعظم شہباز شریف آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو پورا کرنے کے پابند ہیں ۔ ہمیں معاہدے کی پاسداری کے لیے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت لیوی اور ٹیکس لگانے کا معاہدہ کیا۔ اس لحاظ سے آج پٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی۔ پی ٹی آئی نے آخری بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح بڑھانے اور لیوی بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی پوری جعلی جماعت کے لیے میں اکیلی کافی ہوں۔ اگرکوئی انتشار،فتنہ فساد کی کال دے گا تو ریاست پوری قوت سے روکے گی۔ عمران خان کے خلاف ایک کے بعد ایک کرپشن کا سکینڈل آ رہا ہے۔ قوم کے مسترد کرنے پر عمران خان صدمے میں ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان رانا ثناء اللہ سے ڈر کر پشاور میں چھپ کر بیٹھے رہے۔ نوازشریف ذاتی انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔ اُن کا مشرف سے متعلق بیان انسانی بنیادوں پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کے لیے سکیورٹی اداروں کو داؤ پر لگا دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے پاس فیکٹس ہیں۔ وہ سیاسی بات نہیں کر رہے تھے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کل جو بات کی وہ انفرادی حیثیت سے نہیں کی۔ عمران خان نے کہا تھا کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا۔
مریم نواز نے کہاکہ ملک کے استحکام کے لیے سخت فیصلے ضروری ہیں، ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائے گی، کہ خواہ مخواہ قبل از وقت الیکشن کی بات ہو۔ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔