مفادات کی خاطر جمہوریتوں کی بجائے آمریتوں کی پشت پناہی کی جاتی رہی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ مفادات کی خاطر جمہوریتوں کی بجائے آمریتوں کی پشت پناہی کی جاتی رہی ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ دنیا بھر میں رائج جمہوریت سرمایہ دارانہ نظام پر مبنی ہے، اس میں بہت سی چیزیں ایسی ہیں اور ایسے نکات موجود ہیں جنہیں اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال کر استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر جمہوریتوں کی حمایت کرنا اور ملکوں میں حکومتی سطح پر جمہوریت کے فروغ کے اقدامات کرنا ہیں جس کی ابتداء 2008 میں ہوئی۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ اس سلسلہ میں عملی اقدامات ہوئے یا نہیں؟ مشاہدہ یہ بتاتا ہے کہ مفادات کی خاطر جمہوریتوں کی بجائے آمریتوں کی پشت پناہی کی جاتی رہی۔
یہ خبر بھی پڑھیں سرزمین پاکستان پر پہلے شہید ناموس رسالت علی رضا تقوی کو بچھڑے 9 برس بیت گئے
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پاکستان میں رائج جمہوریت میں آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری، پارلیمنٹ کی بالادستی اور لوگوں کی رائے کا احترام مفقود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنے بھی انتخابات ہوئے شفافیت زیر ِسوال رہی اور جب تک اس کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا اُس وقت تک جمہوریت یہاں پنپ نہیں سکتی، ماحول میں خوف و ہراس، لوگوں کی شہری آزادیوں اور میڈیا پر قدغنیں عائد کی جا رہی ہیں جو جمہوری سوچ نہیں ہو سکتی جبکہ جمہوریت سے مراد عوام کی حکومت عوام کے ذریعے اور عوام کیلئے لیا جائے تو اِس کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے۔ جمہوریت میں سب کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے اسلام میں بھی باہمی مشورے اور رائے سے نظم حکومت کو وجود میں لانے کا درس ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس کو آپ جمہوریت کا نام دیں یا کوئی اور نام دیں یہ طے ہے کہ زبردستی فیصلوں کی بنیاد کسی فرد کی برتری یا کسی طبقے کی برتری کو مان کر کسی حکمرانی کا جواز پیدا نہیں کیا جا سکتا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عوامی رائے کا احترام وقت کی ضرورت ہے اس پر عملدرآمد کرکے ہی ملک کو ترقی کی جانب گامزن اور ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں شامل کر سکتے ہیں۔