دِلوں پرحکومت کرنے والے شہید سلیمانی کا کرمان میں سفرِ آخرت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کے جنوب مشرقی شہر کرمان میں سردار محاذ استقامت شہید قاسم سلیمانی اوران کے ساتھی شہید پور جعفری کے جلوس جنازہ میں لاکھوں افراد شریک ہیں جہاں تشییع جنازہ کے بعد ان شہدا کی تدفین عمل میں آئے گی۔
تہران اور قم میں کل مرد مجاہد کی تشییع جنازے کے بعد آج جنرل قاسم سلیمانی سے کرمان کے عوام وداع کر رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی شہید حسین پور جعفری کا جلوس جنازہ اس وقت کرمان میں لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں آزادی اسکوائر سے آخری منزل یعنی گلزار شہداء کی جانب گامزن ہے۔
اس وقت کرمان میں جو شہید قاسم سلیمانی کا آبائی شہر ہے لاکھوں سوگوار انہیں جذباتی انداز میں الوداع کہہ رہے ہیں اور ان کے جنازے میں شریک ہیں۔
کرمان شہر اس وقت سوگواروں سے مملو ہے جو صوبہ کرمان اور ایران کے تقریبات سبھی شہروں سے وہاں پہنچے ہیں۔
اہواز، مشہد تہران اور قم کی طرح کرمان میں بھی شہید قاسم سلیمانی کے جلوس جنازہ میں شریک لاکھوں افراد امریکہ مردہ، اسرائیل مردہ باد اور ’’انتقام انتقام‘‘ کے نعرے لگارہے ہیں۔
جلوس جنازہ میں شریک لوگوں کے ہاتھوں میں شہید سلیمانی کی تصویریں ہیں جن پر لکھا ہوا ہے ’’تم دِلوں کے سردار ہو‘‘۔
ہزاروں کی تعداد میں پلے کارڈ اور بینرز ایسے ہیں جن پر یہ نعرہ درج ہے’’اے شہید ہم تمہارے خون کا بدلہ لے کر رہیں گے
کرمان میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جلوس جنازہ اور آخری رسومات میں لاکھوں سوگواروں کے ہمراہ ملک کی اعلی سول اور فوجی شخصیات بھی شریک ہیں ۔شہید قاسم سلیمانی کی وصیت کے مطابق انہیں کرمان شہرکے شہدا کے قبرستان ’’ گلزارشہدا‘‘ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
اس سے پہلے پیر کو دارارالحکومت تہران میں ستر لاکھ سوگواروں اور شہید کے چاہنے والوں نے ان کے جلوس جنازہ میں شرکت کرکے انہیں انتہائی جذباتی انداز میں الوداع کہا اور ان کے خون سے وفاداری کا عہد وپیمان باندھا۔ تشییع جنازہ سے قبل آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی امامت میں دسیوں لاکھ سوگواروں نے نماز جنازہ ادا کی۔