بات ہوگی تو گھر کے مالک سے، مالی یا باہر کھڑے ٹھیلے والے سے نہیں، عارف علوی
شیعہ نیوز:سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ بات ہوگی تو گھر کے مالک سے ہوگی، مالی یا باہر کھڑے ٹھیلے والے سے نہیں ہوگی، یہ بے چارے فارم 45 والے تو ٹھیلے والے بھی نہیں ہیں۔فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ملک چھوڑنے کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے مسترد کردی تھی۔عارف علوی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کچھ بھی ہوجائے ملک نہیں چھوڑوں گا۔سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سزائیں دلوانے والے خاک میں مل جائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عارف علوی کا کہا تھا کہ میں تو ہمت ہار گیا ہوں، احتساب کرنا پاکستان میں ممکن نہیں، سارا ایلیٹ اس کے خلاف ہے کہ کوئی احتساب یا تحقیقات ہوں۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ ایوب خان سے لے کر آج تک احتساب ہماری ترجیح نہیں، لوگوں کو یقین ہے پاکستان میں انصاف نہیں ہونے کا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سائفر کیس کا فیصلہ مناسب آیا، بلاوجہ کا کیس بنایا ہوا تھا، سائفر جب آتا ہے تو وزیرِ اعظم طے کرتا ہے عوام کو آگاہی دینی ہے یا نہیں۔