عراق کے زیرانتظام کردستان کے بعض علاقوں میں ڈرون و میزائل حملے
شیعہ نیوز: شمالی عراق میں "اربیل” ائیرپورٹ کے قریب پانچ دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ اس حوالے سے عراقی ریاست کردستان کے مقامی ذرائع ابلاغ نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ اربیل میں امریکی قونصل جنرل کو میزائلوں اور راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ڈرون حملوں کی رپورٹس بھی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ ان واقعات کی ویڈیوز تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں جن میں امریکی قونصل جنرل میں دھماکوں اور خطرے کے سائرن بجنے کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔ اس بابت عراق کی اسکائی نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ اِن میزائل حملوں کا مقصد اربیل کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر واقع امریکی فوجی اتحاد کے بیس کیمپ کو نشانہ بنانا تھا۔
اسی دوران بعض غیر سرکاری ذرائع نے خبر دی کہ اربیل ہی میں صیہونی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ صابرین نیوز کے رپوٹر نے کردستان سے رپورٹ دی کہ اربیل میں امریکی قونصل جنرل کے قریبی علاقے پر میزائلوں سے شدید حملہ کیا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں اربیل ہوائی اڈے پر تمام فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دئیے گئے ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ اِن حملوں کے کچھ ہی دیر بعد سپاہ پاسدان انقلاب نے منگل کی درمیانی شب ایران مخالف دہشت گرد گروہوں اور جاسوسی کے اڈوں پر اپنے بیلسٹک میزائلوں سے حملوں کی خبر دی۔