دنیا

دنیا بھر میں عید میلاد النبی ؐکی ولادت کی مناسبت سے جشن

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سرور کائنات پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کا جشن ولادت ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

امن و رحمت کے پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مکتب جعفریہ کے بانی حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران سرا پا جشن و نور ہے –

اس مبارک اور پرمسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں وسیع پیمانے پر جشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبھی شہروں کی سڑکوں، گلیوں، مساجد اور مذہبی مقامات کو بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے ۔

ایران میں اسی مناسبت سے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں عاشقان رسول و آل رسول کا جم غفیر ہے اور ہر طرف سے درود و سلام کی بارش ہورہی ہے۔

اس موقع پر دارالحکومت تہران میں کل تینتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوئی جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے سیکڑوں علماء اور اکابرین شریک ہیں اور مسلمانوں کو سیرت نبوی پر چلتے ہوئے امت مسلمہ میں اتحاد کی دعوت دے رہے ہیں ۔

پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سترہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ہر طرف جشن ہے اور جگہ جگہ محفل میلاد منقعد کی جارہی ہیں۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت مختلف شہروں میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر فضائیں درود وسلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں۔ عاشقان رسول نے مسجدوں ، گھروں، سرکاری عمارتوں کو قمقموں سے سجارکھا ہے اورتمام مناظررنگ برنگی روشنیوں سے جھلملا اٹھے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اہلسنت بارہ ربیع الاول کو رسول اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا یوم ولادت باسعادت مناتے ہیں جبکہ شیعہ مسلمانوں کی روایت کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت سترہ ربیع الاول ہے۔

حضرت امام خمینی ؒ نے اتحاد بین مسلمین کو فروغ دینے کی غرض سے بارہ سے سترہ ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا عنوان قرار دیا ہے اور ایران اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسی مناسبت سے بارہ ربیع الاول سے لے کر سترہ ربیع الاول تک مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button