
سرینگر، بعثت اکیڈمی کی جانب سے ایک روزہ تعلیمی و تربیتی نشست کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بعثت اکیڈمی کی جانب سے بمنہ سرینگر میں ایک اہم تعلیمی، تربیتی و فکری نشست کا انعقاد ہوا، جس میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے مروجہ تعلیم میں مصروف سو سے زائد ہائرسیکنڈری، کالج اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
اس علمی و تربیتی پروگرام میں بعض اساتیذ و اساتذہ حضرات نے شرکت کرکے مختلف زاویہ فکر اور دینی تربیت پر روشنی ڈالی اور بعثت اکیڈمی کے دینی، تربیتی نصاب کو عموم جوانان قوم و ملت تک پہنچانے پر زور دیا۔ بعثت اکیڈمی کے خصوصی استاد اور مدرسۃ القرآن آیت الله یوسفؒ کے مدیر محترم حجت الاسلام والمسلمین استاد امجد علی صاحب اور وومینز کالج کے پروفیسر سید افضل مدنی صاحب نے بھی نشست میں مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور موجودہ دور میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت کو فروغ دینے پر تاکید کی اور قومی سطح پر لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کو تعلیم و تربیت کے ایسے اعلیٰ مقام و منصب تک رسائی پر زور دیا، جن سے انسانی سماج کو یکرنگی اور یکسانیت حاصل ہو۔
بعثت اکیڈمی کی طالبات اور اساتذہ میں حوزہ علمیہ قم کی فارغ التحصیل معلمات سید زاہدہ اور سیدہ فھمینہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ لڑکیاں آج بھی اپنی عفت و پاکیزگی اور اپنے شرف، حیا و حجاب کے ساتھ فاطمی کردار ادا کرسکتی ہیں۔ نشست میں اس بات کی جانب توجہ دلائی گئی کہ آج کے دور میں قرآن کریم نے جو نمونے، اسوہ حسنہ کے طور پر خواتین و مرد کے لئے پیش کئے ہیں، ان کو عملانے کی بے حد ضرورت ہے۔ بعثت اکیڈمی کے مدیر مسٔول استاد بشیر احمد بٹ نے بعثت اکیڈمی کی افادیت اور اس کی انفرادیت پر زور دیا اور طلباء و طالبات کو اس انسان ساز تعلیمی و تربیتی اکیڈمی اور اس کے نصاب پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت سینکڑوں طلباء و طالبات ان دروس میں شرکت کرتے ہیں، جن میں بعض پہلے، دوسرے یا تیسرے سمسٹرز میں مصروف تعلیم ہیں اور سال میں دو مرتبہ اس کا داخلہ ہوتا ہے۔
بعثت اکیڈمی کے بعض طلباء و طالبات اور علاقائی مسئولین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بعثت اکیڈمی کے نصاب، طریقہ کار اور اغراض و مقاصد کو سراہتے ہوئے اس کو روز مرہ زندگی کے تعلیمی طرز کا معمول بنانے پر اصرار کیا۔ نشست کے اختتام پر مہمانان و اساتیذ کے حضور میں نئے نصاب کی رسم نمائی بھی ہوئی اور اکیڈمی کے گذشتہ سمسٹرز میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی اور انہیں تعلیمی و تربیتی سند بھی اعطا کی گئی، نیز ادارہ متاب کی جانب سے تفسیر خطبہ فاطمیہ اور اعوان و انصار مہدویت کے بک ریڈنگ مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کو انعامات اور اسناد سے بھی نوازا گیا۔