یوم انہدام جنت البقیع پر ملتان میں احتجاجی ماتمی ریلی نکالی جائے گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، ملتان میں 8 شوال 10 مئی کو گھنٹہ گھر چوک سے نواں شہر چوک تک احتجاجی ماتمی ریلی نکالی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، انجینئر سخاوت علی، وسیم عباس زیدی، ندیم کاظمی، علی رضا بخاری، فہیم جعفر سمیت دیگر شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ 8 شوال 1926ء کو آل سعود نے جنت البقیع میں مدفن جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا، آئمہ کرام اور صحابہ کرام کی قبور کو مسمار کر دیا، جو کہ تاریخ اسلام کا ایک سیاہ باب ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں لاہور، انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے احتجاجی ریلی
یہی وجہ ہے سعودی عرب اپنی نابودی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس نے مکہ و مدینہ کی حرمت کو پامال کر دیا، یہود و ہنود کے گٹھ جوڑ سے گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے، جگہ جگہ جوا خانے، شراب خانے اور کسینوز بنائے جا رہے ہیں، ماضی میں حج پر پابندی رہی، لیکن موسیقی کے کنسرٹ منعقد کیے گئے، سعودی حکومت مکہ و مدینہ کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے اور آہستہ آہستہ مسلمانوں کی غیرت کا سودا بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 شوال کو مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالے گی۔