عید الاضحیٰ پر صیہونیوں سے مسجد اقصیٰ پر دھاوؤں کی اپیل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیل کی انتہا پسند صیہونی تنظیموں اور قبلہ اوّل کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کے قیام کی پرچارک تنظیموں کے اتحاد نے عیدالاضحیٰ پر صیہونی آباد کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مذہبی رسومات ادا کریں۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی تنظیموں کی طرف سے یہ اپیل ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب مسلمان عیدالاضحیٰ کی آمد کی تیاریاں کررہے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے روز صیہونی شرپسندوں کو قبلہ اوّل پردھاوے بولنے کی دعوت دینا فلسطینیوں بالخصوص مسلمانوں سے نفرت کا کھلا ثبوت ہے۔
صیہونی آباد کاروں کی طرف سے یہ مذہبی اشتعال انگیزی سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کردہ بیانات کی شکل میں سامنے آئی ہے۔ صیہونی گروپوں کی طرف سے اپیل کی گئی ہے کہ آباد کار عید الاضحی کے موقع پر’’جبل ہیکل‘‘ یعنی مسجد اقصیٰ میں گھس کر مذہبی رسومات ادا کریں۔