مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

قبلہ اول مسجد الاقصیٰ کے تحفظ پر زور، اسلامی تعاون تنظیم کا بیان

شیعہ نیوز: اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ بیت المقدس فلسطین کا اٹوٹ حصہ اور اس کا دارالحکومت ہے اور مسجد الاقصیٰ مکمل طور پر مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الاقصیٰ کے حدود میں لوہے کی سلاخیں لگا کر اور اس مبارک مقام تک پہنچنے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے صیہونی حکومت قبلہ اول کی قانونی اور تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

او آئی سی کے اس بیان میں صیہونیوں کی ان حرکتوں کو ناقابل قبول اور قابل مذمت قرار دیا گیا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے بیان میں مسجد الاقصیٰ اور اس کے صحنوں اور وہاں پر موجود نمازیوں پر صیہونی آبادکاروں اور فوجیوں کے حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل غزہ میں قتل عام مچائے ہوئے ہے، جوزف بورل

بیان میں زور دےکر کہا گیا ہے کہ بیت المقدس، مسجد الاقصیٰ اور مسلمانوں اور عیسائیوں کے مذہبی اور مقدس مقامات پر مسلسل دراندازی کے ذریعے صیہونی حکومت اپنا تسلط قائم کرنا چاہتی ہے جو عالمی قوانین کے منافی ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الاقصیٰ اور بیت المقدس میں موجود مقدس مقامات کے احترام اور آزادی عبادت کی توہین اور خلاف ورزی کے نتائج کی ذمہ داری مکمل طور پر صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

اس بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے ان اقدامات پر روک لگائے جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں تشدد اور کشیدگی پھیل رہی ہے اور سلامتی اور استحکام متاثر ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ ہزاروں صیہونی پولیس افسروں کو بیت المقدس کے قدیم علاقے میں تعینات کرکے مسجد الاقصیٰ کو اپنے محاصرے میں لے لیا تھا اور وہ نمازیوں کو مسجد الاقصیٰ میں داخل ہونے سے روک رہے تھے لیکن اس کے باوجود اسّی ہزار فلسطینی قبلہ اول میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button