یورپ کو جنگ کی بھینٹ چڑھانے کے لئے سستے یوکرینی فوجی مل گئے ہیں: روس
شیعہ نیوز:روس میں کورسک علاقے کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ اس علاقے پر اپنے تازہ حملے میں یوکرین نے کلسٹر بم استعمال کئے ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ یوکرین کے حملے میں ایک عام شہری زخمی ہوا ہے جبکہ رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔
روس کے ایوان صدر کے ترجمان پاسکوف نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مغرب، جنگ یوکرین جاری رکھنے کے لئے آخری دم تک پیچھے نہیں ہٹے گا خاص طور سے ایسی صورت میں کہ اسے جنگ کی بھینٹ چڑھانے کے لئے سستے یوکرینی فوجی مل گئے ہیں جن کا وہ غلط استعمال کر کے ان کی ہلاکتوں کا باعث بن رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یوکرینی فوجیوں کو عنقریب ایسی باتیں سننے کو ملیں گی کہ مغرب یوکرینی فوجیوں کو پسند نہیں کرتا اور اسی لئے انھیں وہ جنگ کی آگ میں جھونکتا چلا آ رہا ہے۔
مختلف سیاسی، اقتصادی، فوجی اور یہاں تک کہ ثقافتی شعبوں میں ہونے والی تباہی کے باوجود جنگ یوکرین اپنے بیسویں مہینے میں جاری ہے جبکہ مغربی ملکوں کی جانب سے بحران کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے یوکرین کی اسلحہ جاتی مدد و حمایت بھی جاری ہے۔
مغربی ممالک خاص طور سے امریکہ نے روس پر ہر طرح کا دباؤ ڈال کر اور یوکرین کو ہر قسم کے ہتھیار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھ کر نہ صرف یہ کہ جنگ یوکرین کو ختم کرانے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ جنگ کی آگ کو زیادہ سے زیادہ بھڑکانے میں اپنا بھرپور کردار بھی ادا کیا ہے۔