ہر کلمہ گو مسلمان پر امام حسینؑ کی محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت فرض ہے: علامہ مبشر
معروف ذاکر اہلبیتؑ علامہ مبشر حسن نے مسجد و امام بارگاہ عابدیہ لیاقت آباد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرتاج انبیاء،خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ (ص) نے اپنی رسالت کا کوئی اجر اپنی امت سے طلب نہ کیا مگر یہ کہ امت انکی آل پاکؑ سے مودت اور محبت کریں، بلاشبہ نواسہ رسول (ص)، سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام، حضرت رسول پاک (ص) کے قرابت دار بھی ہیں اور آل عباء کے ایک اہم رکن بھی اور آیت مباہلہ کی رو سے فرزند رسول اللہ (ص) بھی ہیں، لہذا ہر کلمہ گو مسلمان پر امام حسینؑ کی محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت فرض ہے، ماہ محرم وہ مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسینؑ نے یزید جیسے فاسق و فاجر اور بدعقیدہ انسان کی بیعت سے اس لئے انکار کیا چونکہ وہ جس مسند پر براجمان ہوا تھا وہ انبیاء اور انکے معصوم اوصیاء کا منصب تھا۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ جو وارث خاتم الانبیاء ہیں وہ کیسے اتنے بڑے انحراف اور غصب کو برداشت کرتے کہ جس کی بنا پر پورے اسلامی معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو رہی تھیں اور جس کا اثر صرف اس زمانے تک محدود نہ تھا بلکہ تا قیامت بشر، دین مبین اسلام جیسی ابدی نعمت سے محروم ہو جاتا، اسی لئے امام حسینؑ نے یزید کی بیعت کو ٹھکراتے ہوئے فرمایا کہ اسلام پر فاتحہ پڑھ لینی چاہیئے کہ اگر یزید جیسا پلید انسان اس امت کا خلیفہ بن بیٹھے، پس ماہ محرم الحرام محمدی اسلام کے خلاف برسرپیکار قوتوں کی بیعت کے انکار کا نام ہے، یہ ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حسینیت کے قیام کا مہینہ ہے، محرم الحرام سید الشہداء امام حسینؑ سے تجدید عہد، مودت، محبت اور اظہار وفاداری کا مہینہ ہے۔
مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن تکفیری دہشت گرد اور کالعدم جماعتیں اس ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی اپنی مذموم کو ششوں میں مصروف ہیں اور یہ منحوس یزیدی قوتیں ملک کی سالمیت سے کھیل رہی ہیں لیکن پاکستان کا ہر محب وطن شہری ان تکفیری دہشت گردوں سے نفرت کرتا رہا ہے، اس ملک میں شدت پسندوں اور کالعدم تکفیری جماعتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے، ہم تمام عزاداروں، ماتمی دستوں، بانیان مجالس، ذاکرین عظام اور علماء کرام کے ساتھ ملکر انشاءاللہ عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ منائیں اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو پوری طاقت کے ساتھ دور کریں گے۔