اسلامی تحریکیں
مسلکی و گروہی سیاست سے شدت پسندی، عدم برداشت اور نفرت پروان چڑھی ہے، لیاقت بلوچ
شیعہ نیوز: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی انتخابات غیر جانبدار و شفاف ہونے چاہیے، من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے جوڑ توڑاور سیاسی انجینئرنگ سے ملک تباہی سے دوچار ہو گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ بعض سیاست دان اسٹیبلشمنٹ کے مہرے بن کر ملک کو بحران سے دوچار کرتے ہیں، نگراں حکومت اپنی پوری توجہ غیر جانبدار اور شفاف انتخابات پر ہی مرکوز رکھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ترازو کے نشان پر پورے ملک میں حصہ لے رہی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک آج ایک بڑے بحران سے دوچار ہے، بداعتمادی اور بے یقینی کی فضاء سیاسی انتشار کو ہوا دیتی ہے، سیاست خدمت کا نام ہے لیکن سیاسی انتقام اور نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک مسائل سے دوچار ہوا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ مسلکی و گروہی سیاست سے ملک میں شدت پسندی ،عدم برداشت اور نفرت پروان چڑھی ہے اور سیاست کا شیرازہ بکھیر گیا ہے، جماعت اسلامی در دمندی کے ساتھ سیاست میں اصول، نظریے ،امانت اور دیانت کا راستہ اختیار کرنے کی دعوت دیتی ہے اللہ کی بندگی، مخلوق خدا کی خدمت اور قرآن وسنت کی بالادستی کے اصولوں کو اپنا کر ہم پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔