دنیا

فخری زادہ کے قتل پر ایران کی ممکنہ کارروائی پر اسرائیلی ادارے الرٹ

شیعہ نیوز : اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ایران کے ایک سینیر سائنسدان محسن فخری زادہ کے تہران میں قتل کے بعد ایران کی طرف سے ممکنہ جوابی کارروائی پر صیہونی سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں۔

عبرانی ٹی وی چینل’’12‘‘کی رپورٹ میں سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے کیا گیا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے جوہری سائنسدان کے قتل پر زیادہ دیر تک خاموش نہیں رہے گا بلکہ ایران اس حوالے سے کسی بھی وقت کوئی قدم اٹھا سکتا ہے۔

عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق اسرائیلی فوج اور سیکیورٹی ادارے ایران کی طرف سے کسی بھی کارروائی کا جواب دینے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ ایران کی طرف سے عالمی سطح پر اسرائیلی سفارت خانوں اور صیہونی تارکین وطن کو حملوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایران براہ راست اسرائیل پر میزائل حملے بھی کرسکتا ہے اور کسی بھی ذریعے سے صیہونی ریاست کے اہم عہدیداروں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایرانی سائنسدان فخری زادہ کے قتل کے بعد تہران کی طرف سے براہ راست اس کارروائی کا الزام اسرائیل پر عائد کیا تھا۔ اس الزام کے بعد اسرائیلی سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہو گئے ہیں اور انہوں‌ نے ملک میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ اسرائیل میں سیاسی اور عسکری لیڈروں کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے اپنے سائنسدان کے قتل پر جوابی کارروائی میں تاخیر صرف اس لیے ہوسکتی ہے کہ ایران نئے امریکی صدر جوبائیڈن کے اقتدار میں آنے اور امریکہ کے ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے میں واپسی کا موقع دینا چاہتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close