ڈیرہ اسماعیل خان میں خواتین پر ایف آئی آر کا اندراج شرمناک ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربعین واک (مشی) کے سلسلہ میں نکلنے والے عزاداروں پر مقدمات کا اندارج غیر آئینی و غیر قانونی فعل ہے، جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزادار اربعین پر سنت زینبیہؑ پر عمل کرنے کیلئے نکلتے ہیں، کس قانون میں لکھا ہے کہ پیدل چل کر جلوس میں جانا جرم ہے، پولیس حکام کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر تمام مقدمات واپس لئے جائیں اور گرفتار عزاداروں کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں خواتین پر ایف آئی آر کا اندراج شرمناک ہے۔ سید زہراء نقوی کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام نے ریگزار کربلا میں یزیدی عزائم کو بے نقاب کرکے اسلام کو درپیش خطرات سے امت کو آگاہ کیا اور اپنی عظیم قربانی پیش کی، جو کہ دین اسلام کی بقا کا باعث بنی۔
یہ خبر بھی پڑھیں ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن اسد نبی کا خواتین عزاداروں پر تشدد
انہوں نے کہا کہ آج بھی دنیا کے مختلف کونوں سے یزیدیت مختلف صورتوں میں سر اُٹھا رہی ہے، ہمیں حسینی بن کر ان یزیدی، صیہونی اور استعماری سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر کلمہ گو حسینی ہے، اس لئے اس کی ذمہ داری ہے کہ یزیدیت کیخلاف ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرے اور سیرت امام حسین علیہ السلام کو اپنے کردار پر نافذ کرتے ہوئے پیغام حسینیت دنیا کے کونے کونے میں پہنچائے۔
اُن کا کہنا تھا اربعین حسینی فقط سرزمین عراق تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک عالمی نہضت و تحریک کی صورت اختیار کر گیا ہے اور پوری دنیا کے حسینی اربعین کے موقع پر ایک لشکر کی شکل میں گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم منتظر و آمادہ ہیں، اس الہی رہبر و منجی عالم بشریت کے لیے، جو اس پوری دنیا میں ظلم و جور کا خاتمہ اور نظام عدل قائم کریں گے۔