کورونا وائرس سے پاکستان میں پہلی موت، مریض سعودی عرب سےآیا تھا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں میں سےاب تک دو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، دونوں افراد سعودی عرب سے پاکستان آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کوروناوائرس سے انتقال کرنے ولے دونوں افراد کا تعلق صوبہ خیبرپختونخواہ سے ہے جنکہ دونوں افراد حال ہی میں سعودی عرب سے وطن واپس لوٹے تھے۔
وزیر صحت خیبرپختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا نے ملک میں کرونا وائرس کے 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہو جانے والے ایک شخص کا تعلق مردان سے جبکہ دوسرے شخص کا تعلق ہنگو سے تھا۔
مردان سے تعلق رکھنے والا50 سالہ سعادت خان کچھ روز قبل ہی سعودی عرب سے واپس آیا تھا، جبکہ حال ہی میں اس کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ سعادت خان کا علاج کیا جا رہا تھا تاہم اب وہ انتقال کر گیا ہے۔
ہنگو سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ عبدالفتح پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا۔عبد الفتح کو بخار، زکام اور سانس میں دشواری کی شکایت تھی، جبکہ اس کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔
سندھ میں رپورٹ ہونے والے تمام کرونا وائرس مریضوں کو قرنطینہ میں شفٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ سندھ کے 208 کیسز کے علاوہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں 13، آزاد کشمیر میں 1 ، اسلام آباد میں 7، خیبرپختونخواہ میں 19 اور بلوچستان میں 16 کیسز رپورٹ ہو چکے۔
جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس کے 2 مریضوں کی موت واقع ہونے کی بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس تمام صورتحال میں سندھ اور خیبر پختونخواہ حکومتوں نے صوبوں کو محدود حد تک لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور میڈیا کی تمام توجہ تفتان بارڈر پر موجود زائرین پر مرکوز ہے جس سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ملک میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کا سبب زائرین ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ سعودی عرب، عرب امارات اور دیگر یورپی ممالک سے آئے ہوئے مسافرپاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں اور ان ممالک سے آنے والے مسافروں کی مناسب سکریننگ بھی نہیں کی جارہی۔