دنیا

اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار "یوم النکبہ” کا پروگرام منقعد ہوا

شیعہ نیوز:گذشتہ روز نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کی تاریخ میں پہلی بار یوم النکبہ کی یاد میں ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کی واشنگٹن اور تل ابیب نے سخت مخالفت کی ۔ امریکہ اور صیہونی حکومت گذشتہ چند روز سے مختلف ممالک پر اس پروگرام میں شامل نہ ہونے کے لئے یہ کہہ کر دباؤ ڈال رہے تھے کہ اس نوعیت کے پروگرام ان کے بقول فلسطین کے مسئلے کے سیاسی حل کو پیچیدہ بنادیں گے۔

صیہونی چینل دس نے اس بارے میں بتایا ہے کہ گذشتہ چند روز سے صیہونی وزارت خارجہ اور یو این میں تل ابیب کے مستقل مندوب گیلعاد آردان مختلف ممالک کے مندوبین کو اس یادگار پروگرام میں شرکت کرنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف تھے ۔ صیہونیوں کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود، اقوام متحدہ، افریقی یونین، خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک، گروپ ستتر، عرب لیگ، ناوابستہ تحریک، اسلامی تعاون تنظیم اور کئی عالمی اداروں میں شامل ممالک کے مندوبین اور اعلی عہدے داروں نے اس کانفرنس میں شرکت کرکے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کی اور صیہونیوں کے مظالم کے خلاف باضابطہ بیان جاری کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل روزمیری دی کارلو نے بتایا کہ انسان دوستانہ معاملات میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کے اعلان کے مطابق، گذشتہ سال صیہونیوں نے غرب اردن میں فلسطینیوں کو شہید کرنے کی ایک نئی تاریخ رقم کردی تھی۔ اس دوران سب سے زیادہ عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جو کہ سن دو ہزار پندرہ سے اب تک کا قتل عام کا ایک نیا ریکارڈ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، فلسطینیوں کے اپنی تقدیر کے فیصلے، اور پورے علاقے میں منصفانہ، کثیرالجہت اور مستحکم قیام امن کے حق کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی حکومت کے غیرقانونی قبضے کا خاتمہ اقوام متحدہ کے اصولی موقف کا حصہ ہے اور اس کے تحت فلسطینیوں کو انصاف اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

اقوام متحدہ میں یوم النکبہ کے بارے میں خصوصی کانفرنس پر فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے کہا کہ اس یادگار پروگرام کا انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اقوام متحدہ بھی صیہونیوں کے مظالم کا اعتراف کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر برطانیہ اور امریکہ کو فلسطینیوں کے مسائل اور ان کی مشکلات کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت متعدد ممالک نے اس پروگرام کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں بیان جاری کیا اور غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کی کھل کر مذمت کی ۔ پیر کے روز نیویارک سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں بھی یوم النکبہ کے خصوصی پروگراموں، اجتماعات اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جس میں فلسطین کے حامی گروہوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے صیہونیوں کے سفاکانہ رویے کی مذمت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button