غزہ بھی فلسطینی اتھارٹی کے کنٹرول میں ہونا چاہیئے، محمود عباس
شیعہ نیوز: صدر فلسطینی اتھارٹی محمود عباس نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ "غزہ” کو بھی ان کے کنٹرول میں دے دیں۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کو انٹرویو دیتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ غزہ کو بھی فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور قانونی فلسطینی حکومت کی سرپرستی میں ہونا چاہیئے۔ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی پر عارضی کنٹرول کے لئے اسرائیل کی جانب سے پیش کردہ منصوبے قابل قبول نہیں۔
اسپتنک کے ساتھ گفتگو میں محمود عباس نے حماس کے سربراہ سیاسی بیورو شہید اسمعیل ھنیہ کی ٹارگٹ کلنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی شہید اسمعیل ہنیہ کی ٹارگٹ کلنگ کو ایک بزدلانہ فعل اور اسرائیلی پالیسیوں میں ایک "خطرناک تبدیلی” سمجھتی ہے۔ ادھر غاصب صیہونی رژیم کے ٹی وی چینل 12 نے بھی گذشتہ شب دعوی کیا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے حال ہی میں غزہ کی پٹی کے انتظام و انصرام کے بارے 101 صفحات پر مشتمل ایک "خفیہ دستاویز” امریکہ کو پیش کی ہے۔