جی بی کی خواتین نے سیاسی شعور کیساتھ فعال کردار ادا کیا، نرگس سجاد
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات نرگس سجاد نے گلگت بلتستان میں شفاف اور پرامن انتخابات اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار میثم کاظم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان میں شفاف اور مدبرانہ انداز میں سیاسی میدان میں قدم رکھ کر یہ ثابت کر دیا کہ ہماری سیاست کا محور دین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے ملکی سیاست میں عملی کردار ادا کرتے ہوئے قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔
گلگت بلتستان کی طرح پورے ملک میں ہمیں اپنے سیاسی تشخص کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود گلگت بلتستان کی خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ سیاسی شعور کے ساتھ فعال کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ہمیں فتح حاصل ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کامیابی آنے والی کامیابیوں کا زینہ شمار ہوگی اور ہم وطن عزیز میں قوم کی آواز بن کر سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔